ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اور ڈسپنسری ڈسٹرکٹ کمپلیکس چکوال کا اچانک دورہ

 


چکوال( ڈی آئی او) ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اور ڈسپنسری ڈسٹرکٹ کمپلیکس چکوال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ادویات کی دستیابی اور مجموعی سروس ڈلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مختار سرور خان نیازی نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی، بچوں، زنانہ و مردانہ وارڈز، پرچی کاؤنٹر، فارمیسی اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات، مریضوں کی دیکھ بھال اور ہیلتھ کیئر سسٹم کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے مریضوں کی عیادت کی، ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی آراء بھی حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، ڈاکٹرز اور عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی انجام دیں اور مریضوں کو بروقت، معیاری اور بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس چکوال میں قائم ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سرکاری ہسپتالوں و طبی مراکز میں سروس ڈلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.