پنجاب حکومت کا کسانوں کے لیے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ قرضہ پروگرام، شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب کسانوں کا انتخاب
زمین کی تیاری اور کاشت کے لیے کسانوں کو 50 ہزار روپے تک بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا
چکوال (ڈی آئی او ) پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کی خوشحالی، زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں فیز ون کی پہلی تقریب ضلع چکوال و تلہ گنگ کے 50 الاٹیز میں لیز الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کے لیے منعقد ہوئی۔ تقریب کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام نجی مارکی میں کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات، ممبران قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال اور سردار غلام عباس خان، ممبران پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم چوہدری سلطان حیدر علی خان، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک شہریار اعوان، ملک فلک شیر اعوان، مہوش سلطانہ راجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شہاب اسلم، اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدام ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کے تحت صوبہ بھر میں غیر آباد سرکاری اراضی کو قابلِ کاشت بنا کر 30 ہزار بے روزگار افراد کو لیز پر الاٹ کیا جا رہا ہے، تاکہ انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار میں اضافہ، غذائی خودکفالت اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت 50 اہل افراد کو لیز الاٹمنٹ کے سرٹیفکیٹس دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الاٹ شدہ اراضی کی بحالی اور کاشت کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے گرانٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پروگرام کے تحت زمین کی تیاری اور کاشت کے لیے کسانوں کو 50 ہزار روپے تک بلاسود قرضہ بھی فراہم کیا جائے گا اس اقدام کا مقصد کسانوں کو زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے بروقت مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں زمین کی بروقت تیاری اور کاشت کے قابل بنانا ہے۔ ممبران پارلیمنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے ذریعے پنجاب کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے وہ نہ صرف باعزت روزگار حاصل کر سکیں گے بلکہ زرعی پیداوار میں اضافے اور ملکی معیشت کی مضبوطی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خطہ پوٹھوہار کے عوام کے لیے 7 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی پیکیج کے تحت جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ممبران پارلیمنٹ نے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے الاٹیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور متعلقہ محکموں کی فنی معاونت سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی عوامی خدمت اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے الاٹیز میں لیز الاٹمنٹ کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

کوئی تبصرے نہیں