ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 تلہ گنگ میں سولر سسٹم کا افتتاح کردیا

 


چکوال( ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 تلہ گنگ میں سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء،چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اخلاق، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہوگی تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور سرکاری وسائل کی مؤثر بچت ممکن ہوگی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی معیاری تعلیم اور بہترین تربیت پر خصوصی توجہ دیں جبکہ طلبہ محنت، نظم و ضبط اور قومی خدمت کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) ڈاکٹر محمد اخلاق نے بتایا کہ ضلع تلہ گنگ میں 128 سرکاری سکولوں میں سولر سسٹمز کی تنصیب کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 28 سکولوں میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے سولر سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ 3 سکولوں میں تنصیب کا عمل جاری ہے اور 15 سکولوں میں کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے اور آئندہ تین ماہ کے دوران تمام ہدف مکمل کر لیا جائے گا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے تحصیل انتظامیہ، سکول انتظامیہ اور مخیر حضرات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے سولر منصوبے میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات میں تعریفی اسناد (سرٹیفکیٹس) تقسیم کیں اور ان کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور معاشرے کے باہمی تعاون سے تعلیمی شعبے میں مزید مثبت تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.