ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کا تحصیل لاوہ کا تفصیلی دورہ

 


چکوال (ڈی آئی او ) ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے تحصیل لاوہ کا تفصیلی دورہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنر لاوہ ثناء ندیم کے ہمراہ جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور صحت کی خدمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل لاوہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو حکومت پنجاب کی مقررہ پالیسی، اعلیٰ تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت اور بلا تعطل میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے مریم نواز کلینک لاوہ کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے او پی ڈی، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور عملے کی حاضری و کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو معیاری، بروقت اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا طبی مراکز میں ادویات کی دستیابی، صفائی اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بنایا جائے۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے فیملی پارک لاوہ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پارک کی مستقل دیکھ بھال، صفائی، شجرکاری، تزئین و آرائش اور دیگر سہولیات کو بہترین حالت میں برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو ایک معیاری تفریحی مقام میسر آ سکے۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ حکومت پنجاب کے عوام دوست اقدامات کے ثمرات ہر شہری تک بروقت پہنچ سکیں۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.