سینئر صحافی پیکر اخلاص سلیم اختر پروانہ کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
جدہ (ثاقب احسان مغل- بیوروچیف ڈھڈیال نیوز) پاک میڈیا جرنلسٹس فورم سعودی عرب کے زیر اہتمام آزادکشمیر کے سینئر صحافی پیکر اخلاص سلیم اختر پروانہ کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کا انعقادکیا گیا۔ پاک میڈیا کے صدر نورالحسن گجر نے صدارت کی جبکہ وقار الزمان کیانی اور دیگر ممبران پاک میڈیا کے چئیرمین جہانگیر خان،فورم کے نائب صدر فہد رفیق کھوکھر،جوائنٹ سیکرٹری عاطف علی ووٹو،فنانس سیکرٹری عمر فاروق ممبر کونسل حسن بٹ نے شرکت کی ریفرنس سے وقارالزمان کیانی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ سلیم اختر پروانہ مہمان نواز، انتہائی خوش گفتار،ملنسار،بااخلاق،خودار،باوقار اعلی اوصاف کی حامل ایک باغ و بہار شخصیت اور دوستوں کے دوست تھے جو دھیمے لہجے میں گفتگو کرتے تھے۔ سلیم اخترپروانہ اپنی پیاری ہمشیرہ کی ناگہانی وفات کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور اچانک حرکت قلب بند ہو جانے سے داعئی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ اللہ پاک انکی مغفرت، درجات بلند اور انکی والدہ محترمہ اور چھوٹے بھائی وسیم اخترپروانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے آمین۔ سلیم اختر پروانہ روزنامہ "نوائے وقت" سے طویل رفاقت کے ساتھ ساتھ اپنے ہفت روزہ "پروانہ"کے ایڈیٹر بھی تھے انہیں روزنامہ "نوائے وقت"کے چیف ایڈیٹر جناب مجید نظامی اور ریذیڈنٹ ایڈیٹر جناب طارق وارثی کی اپنی رہائشگاہ پر میزبانی کا بھی اعزاز حاصل تھا۔سلیم اختر پروانہ ایسی بڑی اور اصول پسند شخصیت کی زندگی کا احاطہ کرنے کیلئے بہت وقت درکار ہے وہ اپنی ذات میں ایک انجمن اور صحافتی تاریخ کا ایک ایسا باب تھے جس کے تذکرہ کے بغیر آزادکشمیر کی صحافتی تاریخ ہمشیہ نامکمل رہیگی - سینٹرل پریس کلب مظفرآباد ہو،انجمن مدیران جرائد آزادکشمیر،آزاد جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس،آزاد جموں وکشمیرسینٹرل یونین آف جرنلسٹس،مظفرآباد پریس کلب پھر آزاد جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس یا مظفرآباد عوامی اتحاد ہر مقام پر سلیم اختر پروانہ اپنا ایک مووثر،جاندار اور کلیدی کردار ادا کرتے نظر آتے رہے وہ آزاد جموں وکشمیر پریس فاونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے بانی ممبر بھی رہے۔
کوئی تبصرے نہیں