نواز شریف کے کاغذات نامزدگی این اے 130 پر منظور ہو گئے



مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی این اے 130 پر منظور ہوگئے۔


الیکشن 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ جاری ہے۔


این اے 130 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو ریٹرننگ افسر نے آج طلب کیا تھا۔


*’’نواز شریف کے کاغذات بغیر اعتراض کے منظور کیے گئے‘‘*

مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین نے نواز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی این اے 130 پر منظور ہو گئے ہیں، ان کے کاغذات بغیر اعتراض کے منظور کیے گئے۔


بلال یاسین کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں نواز شریف اس حلقے سے کامیاب ہوں گے، وہ ان شاء اللّٰہ چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیرِ اعظم منتخب ہوں گے۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی اسکروٹنی کے لیے پورٹل بنا رکھا ہے، قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے۔


وکیل امجد پرویز کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں، ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ آپ کی طرف سے تمام چیزیں مکمل ہیں۔


*مریم اورنگزیب کے کاغذات نامزدگی منظور*

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ میرے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے سب کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہے، پی ٹی آئی سب سے زیادہ واویلہ کر رہی ہے، پی ٹی آئی کے 2 ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.