چک ملوک کا پٹوار خانہ گرا کر ملبہ فروخت کرنے اور اس کی اراضی کو نجی قبضہ میں دیے جانے کے خلاف اہلیان دیہہ نے محکمہ اینٹی کرپشن چکوال کو درخواست



چکوال(علی خان سے) چکوال کے قصبہ چک ملوک کا پٹوار خانہ گرا کر ملبہ فروخت کرنے اور اس کی اراضی کو نجی قبضہ میں دیے جانے کے خلاف اہلیان دیہہ نے محکمہ اینٹی کرپشن چکوال کو درخواست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے وسط میں حلقہ قانون گوئی خان پور کے قصبہ چک ملوک میں پٹواری عابد حسین کی عارضی تعیناتی کے دوران پٹوار خانہ کی یہ قدیم عمارت گرا دی گئی تھی۔ مبینہ طور پر اس عمارت کو گرانے کے لیے قواعد و ضوابط کو بھی نظر انداز کیا گیا تھا اور اس کا قیمتی ملبہ جس میں لکڑی، اینٹیں اور لوہا شامل تھا کی نیلامی میں  بھی مبینہ طور پر کرپشن کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اہلیان دیہہ نے اس عمارت کو گرانے اور اس میں بے قاعدگی کی شکایت کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن چکوال کو درخواست دی ہے جس میں پٹوار خانہ کی عمارت کے بارے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس قدیم عمارت کو گرائے جانے پر ڈپٹی کمشنر چکوال محترمہ قرآتہ العین ملک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.