ضلع میں افسران کی ہٹ دھرمی کے باعث اساتذہ کی ان سروس پروموشن خطرے میں پڑ گئی


فائلیں جمع کرائے چھ ماہ گزر گئے، ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی

ڈھڈیال (نا مہ نگارخصوصی۔ ڈھڈیال نیوز) ضلع میں افسران کی ہٹ دھرمی کے باعث اساتذہ کی ان سروس پروموشن خطرے میں پڑ گئی۔فائلیں جمع کرائے چھ ماہ گزر گئے لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق پنجاب کے تقریبا تمام اضلاع میں پروموشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ضلع اٹک میں اساتذہ کی ایک سال میں چوتھی دفعہ پرموشن ہو رہی ہے مگر بدقسمتی سے ضلع چکوال کے افسران کی غیر سنجیدگی کے باعث ایک بار پھر پروموشن کا سارا پروسیجر ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ضلع چکوال کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ سی ای او ایجوکیشن نے ابھی تک پروموشن کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے نمائندہ کو طلب کرنے کے لیے سیکرٹیری ایجوکیشن کو کوئی خط نہیں لکھا۔ وہ روایتی ٹال مٹول کے ذریعے چاہتے ہیں کہ چند دن مزید گزر جائیں۔ دسمبرکے اختتام کے بعد پروموشن کے کام میں بڑی رکاوٹ نئی اے سی آر اور نئے نتائج کے علاوہ تمام سرٹیفیکیٹ اور فائلیں ردی کی ٹوکری میں چلی جاتی ہیں۔ اساتذہ نے سی ای او چکوال ڈاکٹر عبدالوحید سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگراضلاع کی طرح ضلع چکوال میں پروموشن پراسس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.