8 فروری کو چکوال کی عوام اپنے غصہ کا اظہار کرے گی

گزشتہ 16 ماہ دور اقتدار میں وزارتوں اور حکومتی مراعات کے مزے لوٹنے والوں نے حلقے کی عوام کو یکسر مسترد کردیا تھا۔


8 فروری کو چکوال کی عوام اپنے غصہ کا اظہار کرے گی اور ان سے اپنے حقوق کا پورا پورا حساب لے گی۔


چکوال (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) نے اپنے سابقہ دور اقتدار میں اگر چکوال میں عوامی سطح پر کوئی خاطر خواہ خدمات سرانجام دیئے ہوتے یا ماضی میں چکوال کیلئے کوئی میگا پراجیکٹس لائے ہوتے تو آج انتخابی مہم کے دوران خوداعتمادی انکے چہروں پر عیاں ہوتی۔ آج چکوال کی عوام کو اپنی سابقہ کارکردگی کا ریکارڈ سامنے رکھ کر وہ اپنا آئندہ کا منشور پیش کرتے۔ گذشتہ 16 ماہ کے دور اقتدار میں وزارت اور حکومتی مراعات کے مزے لوٹنے والوں نے اس وقت عوام کو یکسر نظر انداز کردیا تھا، اور اب عوام 8 فروری کو ہونے والے ممکنہ انتخاب میں اپنا غصہ نکالے گی اور ان سے ووٹ کی پرچی سے حساب لے گی۔ گوکہ اس وقت تحریک انصاف تیز ہواؤں اور شدید طوفانوں کی زد میں ہے مگر مسلم لیگ(ن) کے اندر اب بھی خوف اور ڈر پایا جاتا ہے، کیونکہ وہ عوام کا ردعمل بخوبی جانتے ہیں۔ آج پی ٹی آئی کو ہر حربوں سے دبانے اور ختم کرنے کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ عوامی سطح پر اس جماعت کو اتنی ہی زیادہ مقبولیت و پذیرائی مل رہی ہے۔ خود دیگر سیاسی جماعتیں پریشان دیکھائی دیتی ہیں کہ پی ٹی آئی کو دبانے اور ختم کیلئے جو بھی طاقتیں اور ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں وہ سب بےنفع اور الٹ ہی ثابت ہو رہے ہیں۔ چکوال کے حلقہ این اے 58 میں تحریک انصاف کے حامیوں خصوصا نوجوان طبقے کا ایک وسیع ووٹ ہے، جوکہ سب نظریاتی ووٹ ہے ان کے ووٹرز کو اس بات کی قطعا پرواہ نہیں کہ پارٹی کا کون امیدوار ہے اور اسکو ملنے والا انتخابی نشان کتنا ہی مضحکہ خیز کیوں نہ ہو، وہ ووٹ صرف پارٹی کو دینا چاہتے ہیں، عمران خان کو دینا چاہتے ہیں اور یہی نوجوان طبقہ مخالف سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن)کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اس بات کو بخوبی جانتے ہیں کہ اگر گھر کے بزرگ ان کی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں مگر انکی نسلیں(نوجوان طبقہ) تحریک انصاف کے ووٹرز ہیں، اور یہی خوف انہیں دن رات کھائے جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر (ن) لیگ کی الیکشن مہم کے دوران سامنے آنے والی ویڈیو نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں واضح طور دیکھا گیا کہ ایک سینئیر (ن) لیگی کارکن پارٹی کے تمام امیدواروں کے سامنے عوام سے اپیل کرتے دیکھائے دیتے ہیں کہ خدارا اپنے بچوں کو، نوجوان کو لائن پر لائیں یوں نہ ہوں ہمیں اپنے گھروں سے مار پڑجائے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ان حالات میں مسلم لیگ(ن) عوام میں اپنا کھویا ہوا وقار کس طرح اور کس حد تک دوبارہ بحال کر پائے گی اور اقتدار کیلئے اس حلقے کے سیاسی نمائندے چکوال کیلئے کون کون سے میگا پراجیکٹس لانے کے دعوے کرے گی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.