فیصل آباد کی تین مذہبی شخصیات کی قاضی ظہورالحسین اظہر سے ملاقات
ڈھڈیال (خصوصی رپورٹ ) فیصل آباد کی تین مذہبی شخصیات مولانا زاہد محمود قاسمی، صاحبزادہ فیض رسول چشتی اور مولانا ریاض کھرل پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز امیر تحریک خدام اہلسنت والجماعت حضرت مولانا قاضی ظہور الحسین اظہر سے مرکزی دفتر مدنی مسجد چکوال میں ملاقات کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں صاحبزادہ فیض رسول چشتی نے کچھ دن قبل چکوال میں ایک جنازہ کے موقع پر ہونے والی اپنی گفتگو کو سبقت لسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے دل میں خاندان و بانی امیر تحریک خدام اہلسنت والجماعت حضرت مولانا قاضی مظہرحسین رحمہ اللہ کے لیے بڑا احترام ہے اور ہم چکوال کے اس عظیم خانوادہ کی بےلوث اور عظیم دینی خدمات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صاحبزادہ حضرت مولانا قاضی محمدظہورالحسین اظہر مدظلہ کو اس پیرانہ سالی میں اپنے آباءواجداد کے مشن میں منہمک دیکھ کر سخت حیرت میں ہوں اور انکا اکرام و تعظیم کرنے میں ہم دوسرے کسی بھی مسلمان سے پیچھے نہیں ہیں۔حضرت مولانا قاضی ظہورالحسین اظہر نے بھی آنے والے معزز مہمانوں کےاس وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ ہم اہل سنت والجماعت کو فرقہائے باطلہ کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی کی اس وقتی اور عارضی بدمزگی کو خوشگوار ماحول فراہم کر کے محبت وتعلق میں بدلنے پر ہم انکا بطورخاص شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر صاحبزادہ قاضی محمد ظاہر حسین جرار اور مولانا محمد فاروق حیدری، مولانا عبدالجبار سلفی، چوہدری عامرمنیر اوردیگراحباب بھی موجود تھے۔بعد ازاں معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں