قاضی فاؤنڈیشن ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے مستحق طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی مدد فراہم کرے گی

چکوال (پ-ر) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب میں تعلیمی مساوات کو فروغ دینے کے اقدام کے ایک حصے کے طور پر نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) نے چکوال میں قاضی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے تاکہ ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے مستحق  طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی مدد فراہم کی جاسکے،تعلیمی کفالت پروگرام کے سلسلہ میں یہ معاون  معاہدہ ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کی تعلیم دوست کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے دونوں اداروں کے درمیان علاقہ کیلئے تحقیق اور تعلیمی اقدامات کو مضبوط بنانے کے عزم کو تقویت ملے گی،ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے چکوال کمیونٹی کی فلاحی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،اس موقع پر "نسٹ" کی ڈائریکٹر ایڈوانسمنٹ ماریہ قادری نے مستحق طلباء وطالبات کیلئے تعلیمی کفالت پروگرام کا ایک جائزہ پیش کیا اور قاضی فاؤنڈیشن کیجانب سے طلباء و طالبات کی اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی معاونت کے معاہدے کے اثرات کے بارے میں تفصیل سے بتایا،قاضی اشرف نے معاہدے کی توثیق کی اور اس مقصد کیلئے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ معاون اثر کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں،ابتدائی طور پر یہ شراکت NUST میں متعدد پروگراموں میں اندراج شدہ 14 موجودہ طلباء و طالبات کیلئے فنڈز پیدا کرے گی اور اس اشتراک کے بارے میں "نسٹ" زیادہ سے زیادہ آگاہی کیلئے ضلع میں داخلہ بیداری کے سیشن منعقد کریگا،تقریب میں چیمبر کے مختلف اراکین اور تاجر برادری نے شرکت کی،جنہوں نے اس فلاحی اقدام کو مزید تقویت دینے کیلئے نیک توقعات کے اظہار کے ساتھ مفید تجاویز بھی دیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.