چوہدری خورشید بیگ نے مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا

 


ڈھڈیال(نامہ نگار ) عوامی اتحاد گروپ ڈھڈیال کے سربراہ سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل چکوال چوہدری خورشید انور بیگ کی جانب سے بھرپور شو آف پاور، مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔اس سلسلہ میں مقامی میرج ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جو انتخابی جلسہ میں تبدیل ہوگئی ۔جس کے مہمان خصوصی امیدوار حلقہ این اے 58 میجر(ر) طاہر اقبال اور امیدوار پی پی 20 چوہدری سلطان حیدر علی خان تھے۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری خورشید انور بیگ نے مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدواروں میجر(ر) طاہر اقبال اور چوہدری سلطان حیدر علی خان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردار غلام عباس خان ہمارے قائد ہیں اور ان کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ہم مسلم لیگ(ن) کو ڈھڈیال سے بھاری اکثریت کامیاب کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار غلام عباس خان کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دو سیٹیں دے کر ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترتے ہوئے ہم مسلم لیگ (ن) کو ضلع کی تمام نشستوں پر کامیاب کرائیں گے۔امیدوار پی پی 20 چوہدری سلطان حیدر علی خان نے کہا کہ ہمارا خاندان 85 سے عوامی خدمت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں لیکن حلقہ کی عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا۔ہمارے دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے ہیں اور خدمت کا مشن جاری رہے گا۔ امیدوار حلقہ این اے 58 میجر(ر) طاہر اقبال نے کہا کہ عوام کے اس پرجوش اجتماع سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ میاں نواز شریف کے ادوار میں ہونے والی ترقی عوام نہیں بھولے۔ موجودہ کٹھن صورتحال سے ملک کو میاں نواز شریف ہی باہر نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور مسلم لیگ(ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی بنائیں۔میجر(ر) طاہر اقبال نے حمایت کا اعلان کرنے پر چوہدری خورشید بیگ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر ضلع چکوال کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کے ہال پہنچے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان پر پھول اور نوٹ نچھاور کیے گئے۔ انتخابی جلسہ میں قصبہ کی تمام سرکردہ برادریوں کی نمایاں شخصیات اور گروپ کے حامیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔انتخابی جلسہ سے ملک ندیم ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سفیر ماجد نے سرانجام دئیے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.