ڈپٹی کمشنر قراۃ العین کا چکوال میں لگائے گئے ماڈل رمضان بازار کادورہ

چکوال( نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے احکامات پر لگائے گئے ماڈل رمضان بازار سے ملنے والے ریلیف اور سہولت پر شہریوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے اور اس سے ماڈل رمضان بازار کی افادیت ثابت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماڈل رمضان بازار کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر خاور بشیر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ماڈل رمضان بازار میں عوام کو فراہم کئے جانے والے ریلیف کا بغور جائزہ لیا ۔ انہوں نے ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ اور دیگر تمام سٹالز کا معائنہ کر کے اشیائے ضروریہ کی دستیابی و کوالٹی کو چیک کیا اور بڑی تعداد میں خریداری کے لئے آئے ہوئے خواتین و حضرات سے بھی ریلیف کے بارے میں دریافت کیا ۔ اشیائے ضروریہ کے سٹالز پر موجود خریداروں نے ماڈل رمضان بازار کو بڑے ریلیف کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ ماڈل رمضان بازار عام آدمی کے لئے حقیقی معنوں میں سہولت مرکز ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے بتایا کہ ماڈل رمضان بازار میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ سمیت تمام سٹالز پر اشیائے ضروریہ کی حسبِ طلب دستیابی اور کوالٹی کو روزانہ مانیٹر کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کے لئے ریلیف کے حجم و معیار میں کمی نہ آنے پائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عام بازار میں بھی سخت مانیٹرنگ کا ہمہ وقتی عمل برقرار رکھا ہوا ہے ۔ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی میں ملوث دکانداروں کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت قانونی کارروائی یقینی بنائی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کرنے والا کوئی بھی دکاندار سخت قانونی کارروائی سے بچ نہیں سکے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو پوری طرح مستحکم بنانے کے لئے مجسٹریٹس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور مزید 12 مجسٹریٹس کو پرائس کنٹرول مینجمینٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.