شعبہ صحافت کی عزت و وقار کو برقرار رکھنے کے لیے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے،عبدالغفور منہاس



چکوال (ڈسڑکٹ رپورٹر) شعبہ صحافت کی عزت و وقار کو برقرار رکھنے کے لیے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ مقامی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ریجنل یونین آف جرنلسٹس مصروف عمل اور بارہ سال سے علاقائی صحافیوں کے حقوق کے کی آواز بلند کر رہی ہے۔ علاقائی صحافیوں کو مسلسل نظر انداز کر کے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔یہ بات ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع چکوال اور ضلع تلہ گنگ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب عبدالغفور منہاس نے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم، چئیرمین ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چکوال طارق مرتضیٰ ہاشمی، صدر ڈاکٹر اعجاز محمود، جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار ڈھکو، جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع تلہ گنگ محسن قیوم شیخ ، صدر تحصیل چوآسیدن شاہ سید طلحہ فاروق، جنرل سیکرٹری تحصیل کلرکہار ایم رحمن، صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس چکوال ثقلین یٰسین، جنرل سیکرٹری فیصل انور، جبکہ ایگزیکٹو ممبر ماریہ ملک نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شمالی پنجاب عبدالغفور منہاس نے کہا کہ علاقائی صحافی بے پناہ مسائل کا شکار ہیں انہیں بڑے شہروں کے صحافیوں کے برابر مراعات اور حقوق دئیے جائیں۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس ملک بھر کے پسے ہوئے علاقائی صحافیوں کے حقوق حاصل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع تلہ گنگ محسن قیوم شیخ کی طرف سے تلہ گنگ کے مقامی صحافیوں ملک شوکت اور عدنان لطیف کے خلاف درج مقدمات پر قرارداد مذمت پیش کی گئی جو کہ اجلاس نے منظور کر لی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کا کنونشن جلد منعقد کیا جائے گا ریجنل یونین آف جرنلسٹس کی تنظیم سازی، حلف برداری اور صحافیوں کو دیگر درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔حالیہ پلاٹ سکیم میں علاقائی صحافیوں کو نظر انداز کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ علاقائی صحافیوں کے لیے پلاٹ کا کوٹہ مختص کریں کیونکہ علاقائی صحافیوں کے بے پناہ مسائل ہیں اور انہیں بھی گھروں کی ضرورت ہے۔اجلاس میں چیئرمین طارق مرتضیٰ ہاشی کی طرف سے علاقائی صحافیوں کو پلاٹ دینے کے لیے قرارداد بھی منظور کی گئی ۔نیز حکومت پنجاب سے مطالبہ کیاگیا کہ چکوال میں گزشتہ دور حکومت میں صحافی کالونی بنانے کا جو اعلان کیاگیاتھا اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔اجلاس میں ضلعی صدر ڈاکٹر اعجاز محمود، ضلعی چیئرمین طارق مرتضیٰ ہاشمی ،تحصیل جنرل سیکرٹری کلرکہار ایم رحمن اور دیگر عہدےداران نے بھی اظہار خیال کیا ۔چیئرمین پریس کلب چکوال خواجہ بابر سلیم نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی اور بتایا کہ علاقائی صحافیوں کے لیے ریجنل یونین آف جرنلسٹس کی جدوجہد پر بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور چکوال پریس کلب صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے شانہ بشانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس کی صحافی برادری کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.