ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کا بوچھال کلاں میں ستھرا پنجاب مہم کی مختلف سائیٹس کا اچانک معائنہ



چکوال ( نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے پیر کے روز تحصیل کلر کہار کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے اے سی کلر کہار کے ہمراہ بوچھال کلاں میں ستھرا پنجاب مہم کی مختلف سائیٹس کا اچانک معائنہ کر کے جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیا اور انتظامی عملہ کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوڑا کرکٹ کی مکمل صفائی یقینی بنا کر حکومتِ پنجاب کے احکامات کے عین مطابق عوام کو صفائی کے مسائل سے مستقل طور پر نجات دلائی جائے تاہم انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ آبادیوں کے افراد کو تاکید کی کہ "ستھرا پنجاب"مہم میں حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لئے میونسپل اداروں کا بھر پور ساتھ دیں اور جا بجا کوڑا کرکٹ پھینکنے کی بجائے مقررہ مقامات پر رکھے کنٹینرز میں ڈالیں تاکہ صفائی کے مسائل پیدا نہ ہوں ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے ایک ماہ پر محیط ستھرا پنجاب مہم بیماریوں سے پاک اور صحت مندانہ ماحول کو فروغ دینے کے لئے قابلِ تحسین اقدام ہے جس سے میونسپل اداروں کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی ترویج کے لئے ترغیب ملے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان اور صحت و تندرستی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جاری صفائی مہم کی متواتر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جس کا مقصد میونسپل اداروں کی کارکردگی کو مطلوبہ انداز میں بہتر بنانا ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.