رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

 


 




چکوال( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔کمیٹیوں میں حلقہ پٹواریوں ،سیکرٹری یونین کونسلوں،نمبرداروں اور دیگر ملازمین کو شامل کیاگیا ہے۔نگہبان پیکج کی تقسیم گھر گھر مذکورہ کمیٹیوں کے ذریعے کی جائے گی۔ مریم نواز شریف کی طرف سے عوام کے لیے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم خوش آئند امر ہے مگر جس انداز میں مذکورہ پیکج تقسیم کیا جا رہا ہے اس سے حقیقی مستحقین محروم ہو رہے ہیں۔کیونکہ پہلے سے بنائی گئی لسٹوں کے مطابق مذکورہ پیکج تقسیم کیا جا رہا ہے جو لسٹیں بنائی گئی ہیں ان میں 70فیصد سے زائد ایسے افراد شامل ہیں جو کسی صورت میں مستحق قرار نہیں دئیے جا سکتے ۔لاکھوں روپے کمانے والوں کو گزشتہ کئی سالوں سے نوازا جا رہا ہے جو بھی حکومت آتی ہے انہی نام نہاد مستحقین کو نوازنا شروع کر دیتی ہے۔سب سے زیادہ نام نہاد مستحقین سابقہ دور میں سامنے آئے جنہیںسیاسی بنیادوںپر لسٹوں میں شامل کر کے انہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،احساس پروگرام سمیت مختلف پروگراموں کی آڑ میں نوازا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے اگر رمضان نگہبان پیکج تقسیم کرنا تھا تو انہیں چاہئے تھا کہ وہ سب سے پہلے حقیقی مستحقین کو تلاش کرواتیں اور مکمل چھان بین کے بعد حقداروں کو ان کا حق پہنچاتیں۔ضلع بھر کی عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیکج تقسیم کرنے کے لیے حقیقی مستحقین کو سامنے لائیں اور سابقہ پہلے سے موجود فہرستوں میںجو افراد غیر مستحق ہیں انہیں فوری طور پر ان فہرستوں سے نکالیں اور حقیقی مستحقین کو ان فہرستوں میں شامل کریں تب جا کر ان کا مستحق افراد کو پیکج دینے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.