زائد قیمت پر روٹی اور نان فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، قراۃ العین
چکوال (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر سستی روٹی پروگرام کے تحت ضلع میں روٹی اور نان کے مقرر نرخوں پر کامل عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے عوام الناس کو 100 گرام وزنی روٹی 16 روپے فی عدد اور 120 گرام وزنی نان 20 روپے فی عدد کے رعایتی نرخ پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان نرخوں سے زائد قیمت پر روٹی اور نان فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ہنگامی طور پر بلائے گئے نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن پر واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی پالیسی پر کماحقہ عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے پوری طرح مستعد ہے اور اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں حسب منشا انداز میں پوری کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور نان کے مقررہ نرخوں پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے نان بائی ایسوسی ایشن سے کہا کہ عام آدمی کی فلاح کے لئے حکومت پنجاب کے سستی روٹی پروگرام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس پر عمل درآمد میں مکمل تعاون کیا جائے اور اپنے اہم اخلاقی فریضہ کی تکمیل کرتے ہوئے عام آدمی کو حکومت پنجاب کے اس فلاحی اقدام کے ثمرات فراہم کئے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے مزید کہا کہ صارفین سے روٹی اور نان کے مقررہ نرخوں باالترتیب 16 روپے اور 20 روپے فی عدد سے زائد قیمت کی وصولی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر قصورواروں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کوئی تبصرے نہیں