رکشوں کی ٹڈی دل فوج نے عوام کا جینا حرام کردیا

 

ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) چکوال شہر میں رکشوں کی ٹڈی دل فوج نے عوام کا جینا حرام کرکے رکھ دیا۔ لوگوں کا گلیوں میں بھی چلنا محال ہو گیا۔ ٹریفک پولیس بھی رکشوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ چکوال شہر میں گزشتہ چند ماہ کے دوران رکشوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جن میں ایک بڑی تعداد دوسرے اضلاع سے آنے والے رکشوں کی ہے۔اس نئی صورتحال سے شہر میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ یہ آر ٹی سیکریٹری کی ذمہ داری ہے کہ رکشے والوں کو روٹ دیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے لیکن حیران کن بات یہ ہے آر ٹی سیکریٹری کو شہر میں رکشوں کی دھما چوکڑی نظر ہی نہیں آرہی اور دوسرے اضلاع سے آنے والے رکشے عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آر ٹی سیکریٹری حرکت میں آئیں اور ٹریفک پولیس بھی بغیر لائسنس ڈرائیوروں اور ان رجسٹرڈ رکشوں کے خلاف خصوصی آپریشن کرئے تاکہ شہر کو اس نئے عذاب سے نجات مل سکے۔



..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.