انتظامیہ عوام کو سستی روٹی پروگرام کے ثمرات فراہم کرنے کو یقینی بنائے گی، قراۃ العین ملک

 

چکوال (نامہ نگار) حکومتِ پنجاب نے سستی روٹی پروگرام کے تحت مقررہ نرخوں کا مکمل نفاذ یقینی بنا کر صارفین کو مطلوبہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے سخت احکامات جاری کئے ہیں جن پر عملدرآمد کو جانچنے کے لئے ضلع چکوال و تلہ گنگ کے طول و عرض میں شہری و دیہی علاقوں میں اچانک چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ چیکنگ کے دوران کم وزن اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر روٹی اور نان فروخت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج سمیت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندگان پر واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے والے تندور و ہوٹل مالکان کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت سخت ترین قانونی کارروائی کر کے عوام کو سستی روٹی پروگرام کے ثمرات فراہم کرنے کو یقینی بنائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوحکم دیا کہ جن تندوروں پر سو گرام وزنی روٹی 16 روپے فی عدد اور 120 گرام وزنی نان 20 روپے فی عدد کے رعایتی نرخوں کے بارے میں اطلاعی بینرز ابھی تک آویزاں نہیں کئے گئے ان کے مالکان سے ہرگز رو رعایت نہ کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے کہا کہ تمام تندور مالکان کو روٹی اور نان سستے نرخوں پر فروخت کرنے اور سستے نرخوں کے اطلاعی بینرز بلا تاخیر آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے ورنہ وہ سخت ترین قانونی کارروائی سے بچ نہیں پائیں گے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.