عوام کی دہلیز پر ان کے مسائل کا حل یقینی بنایا جا رہا ہے،قراۃ العین ملک
چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ قراۃ العین ملک نے بدھ کے روز دورہ لاوہ کے موقع پر تحصیل کمپلیکس میں کھلی کچہری منعقد کر کے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کی اور بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوام کی دہلیز پر ان کے مسائل کا حل یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے کھلی کچہری میں تحصیل بھر سے آئے ہوئے لوگوں کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے موقع پر موجود متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران کو ضروری احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والے اجتماعی و انفرادی نوعیت کے عوامی مسائل کے حل کیلئے سرکاری محکموں کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے متعلقہ شعبوں کے افسران کو تفصیلی گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری محکموں کے افسران کو احکامات جاری کئے کہ اپنے دائرہ کار سے متعلق عوام کے پیش کردہ مسائل کے بلا تاخیر حل کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کی جانے والی کارروائی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں