درست سپورٹ، تعلیم و تربیت اور تھراپیز کے ذریعے آٹیزم کے حامل بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔ محمد ندیم

 


ہیلپنگ ہینڈ کی اولین کوشش ہے کہ ان بچوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ عیاض شاہ


چکوال ( ) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ چکوال کی جانب سے عالمی آٹیزم کے دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہیلپنگ ہینڈ کے ریجنل آفس شمالی پنجاب چکوال میں منعقدہ تقریب میں خصوصی صلاحیت کے حامل بچوں کے پروگرام میں رجسٹرڈ بچوں اور انکے والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سائیکالوجسٹ افق افضل نے آٹیزم کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ سائیکالوجسٹ کا کہنا تھا کہ آٹزم کی بعض علامات واضح ہوتی ہیں اکثر بچہ توجہ نہ دے، وہ اپنے ہم عمر بچوں کی طرح بنیادی کام نہیں کر پاتے یا انہیں کوئی کام کہا جائے تو وہ کام نہیں کر پاتے تو والدین کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ ان کی ری ہیبلیٹیشن کا مرحلہ شروع کیا جاسکے۔ آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (اے ایس ڈی) میں بچے کی کیفیت شدت پسند بھی ہوسکتی ہے۔ محمد ندیم ایریا منیجر ہیلپنگ ہینڈ شمالی پنجاب کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ درست سپورٹ، تعلیم و تربیت اور تھراپیز کے ذریعے آٹیزم کے حامل بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔ غریب والدین کو آٹسٹک بچوں کی بحالی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ گھر پر ٹرینر اور اسکول کا اضافی بوجھ تو صرف صاحبِ حیثیت والدین ہی اٹھا سکتے ہیں۔ ایسے میں ہیلپنگ ہینڈ نے ایسے بہت سے بچوں اور انکے والدین کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے بحالی مرکز میں روزانہ کی بنیاد پر بہت سے بچے آتے ہیں جن کو انکی ضرورت کے مطابق مختلف تھراپی کروائی جاتی ہیں اور ان پر کوئی بھاری فیسوں کا بوجھ بھی نہیں ڈالا جاتا ہے۔ 

ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام آفیسر سید عیاض الرحمن شاہ کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ والدین کو سمجھنا چاہیے کہ آٹزم کو ختم نہیں کیا جاسکتا لیکن آٹسٹک بچوں کی زندگی ضرور بہتر کی جاسکتی ہے۔ جلد از جلد تشخیص کے بعد فوری تھراپی اس کا بہترین علاج ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے رجسٹرڈ بچوں کی ہر ضرورت کو پورا کریں اور ان کی نشوونما کو بہتر کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھیں۔ ہیلپنگ ہینڈ کی اولین کوشش ہے کہ ان بچوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ نہ بنیں اور اس معاشرے میں ایک کار آمد شہری کے طور پر پورے اعتماد کے ساتھ رہ سکیں۔ آرٹیزم کے بارے میں آگاہی کے لیے ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں والدین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.