پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی بارے آگاہی کے لئے مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ متحرک
مارکیٹ کمیٹی میں پھڑیہ ایسوسی ایشن سبزی و فروٹ منڈی چکوال کے عہدیداران و اراکین کے لئے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا
5 جون کی ڈیڈ لائن کے بعد شاپنگ بیگز استعمال کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی،سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی مستنیر احمد
چکوال(نامہ نگار) حکومتِ پنجاب کے فیصلہ کے مطابق 5 جون کی ڈیڈ لائن کے بعد پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر عائد کی جانے والی مکمل پابندی کے بارے میں آڑھتیوں ، دکانداروں اور صارفین کی آگاہی کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر چکوال و تلہ گنگ قراۃ العین ملک کے احکامات پر مارکیٹ کمیٹی کے دفتر میں تفصیلی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سبزی و فروٹ منڈی کی پھڑیہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران و اراکین نے شرکت کی ۔ سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی چکوال مستنیر احمد نے اس ضمن میں بتایا کہ 5 جون کے بعد سبزی و فروٹ منڈی چکوال کو پلاسٹک شاپنگ بیگز سے مکمل طور پر پاک کردیا جائیگا اور پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے آڑھتیوں، دکانداروں اور پھڑیوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی نے مزید کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز مارکیٹ میں جہاں بھی پائے گئے وہ نہ صرف ضبط کر لئے جائیں گے بلکہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز رکھنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے ۔ اس موقع پر پھڑیہ ایسوسی ایشن سبزی و فروٹ منڈی چکوال کے عہدیداران اور اراکین نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب کی طرف سے دی گئی 5 جون کی ڈیڈ لائن تک پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال ختم کر دیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں