موہڑہ اعوان سے ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہونے والے طالب علم کی نعش کنویں سے مل گئی

 


ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) تھانہ ڈھڈیال کے علاقہ موہڑہ اعوان سے ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہونے والے طالب علم کی نعش کنویں سے مل گئی۔ 12 سالہ عبداللہ جہانگیر 3 مئی کو شام 7 بجے گھر سے مدرسہ گیا۔وہ مدرسہ پہنچا اور نہ ہی واپس گھر آیا۔ تھانہ ڈھڈیال میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا کر اس کی تلاش جاری تھی۔جمعرات 9 مئی کی صبح معلوم ہوا کہ عبداللہ جہانگیر کی نعش اس کے گھر سے تقریباً ڈیڑھ سو گز کے فاصلے پر ایک ویران کنویں میں تیر رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال مرزا محمد آصف نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ایریا کو گھیرے میں لے لیا گیا۔پی ایف ایس اے اور کرائم سین یونٹ بھی موقع پر پہنچ گیا اور جائے وقوعہ سے مختلف شواہد اکٹھے کر لئے گئے ۔بعد ازاں ریسکیو 1122 چکوال کے عملہ نے نعش کنویں سے نکال کر پولیس کے حوالے کر دی اور اسے پوسٹمارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال بھجوا دیا گیا ۔ڈی پی او چکوال کیپٹن (ر) واحد محمود ،ایس ڈی پی او صدر سرکل ندیم ملک، ڈی ایس پی چوآسیدن شاہ سرکل ابراھیم وڑائچ ، ڈی ایس پی لیگل، اے ایس پی یو ٹی بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔اس موقع پر کیپٹن(ر) واحد محمود نے بچے کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ذرائع کے مطابق ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو مختلف پہلوؤں کا جائزہ کے کر اس واقعہ کی تفتیش کرے گی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.