مسلم لیگ (ق) چکوال نے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی ریلی نکالی
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) چکوال نے اپنے پارٹی ورکز، سول سوسائٹی، مزدور اور کسانوں کے ہمراہ اپنی پارٹی کے قائد چوہدری شجاعت حسین، چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع حسین کی ہدایت پر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یک جہتی ریلی نکالی۔جس کی قیادت مسلم لیگ (ق) چکوال کے راہنما محمد خان تترال نے کی۔ ریلی کے شرکاء سے محمد خان تترال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ 9مئی دوبارہ اِس ملک میں کبھی نہیں ہونے دیں گے،یہ ریاستی دہشت گردی تھی اِس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے نہ ہی الفاظ سے اِس نقصان کی تلافی ہوسکتی ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن عناصر نے ہمارے شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی اورقومی املاک کو نقصان پہنچایا ہے اُنہیں جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ محمدخان تترال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چکوال شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، ہمیں اپنی فوج پہ فخر ہے کہ وہ دن رات کی تفریق کئے بغیر ملک پاکستان کے دفاع میں مصروف ہیں۔ اندرون ملک پاکستان آرمی ہو، پنجاب پولیس یا کوئی عسکری ادارہ اُس کا تحفظ ہر پاکستانی پہ فرض ہے اور وہ اہم احسن طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔ پرامن سیاست اوراحتجاج ہرجماعت کا حق ہے، لیکن ملکی املاک اور اداروں کو نقصان پہنچانے والے کبھی محب الوطن نہیں ہوسکتے۔ آئندہ کسی بھی شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی یاان کی طرف جو انگلی اٹھے گی وہ انگلی ہم کاٹ دیں گے اور افواج پاکستان کے خلاف جو زبان چلے گی وہ زبان کاٹ دیں گے، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔ اِس موقع پر ملک شیر الطاف، حسن رضا، شیراز سلطانی، نجم الحسن گوندل کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیکورٹی کے انتظام نہایت احسن طریقے سے انجام دیئے، ٹریفک سارجنٹ عاصم گل نے بھی اپنے ڈیوٹی فرائض بہت عمدہ طریقے سے اداکئے۔
کوئی تبصرے نہیں