غریب عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
چکوال ( نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر جاری"کلینک آن وہیلز پروگرام"کے تحت چکوال میں شہری علاقوں کی کچی آبادیوں (اربن سلمز) کے غریب عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس پروگرام کے تحت چار اربن یونین کونسلوں میں اب تک 3200 مریضوں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں ۔ یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی کلینک آن وہیلز پروگرام کا آغاز چار دن قبل کیا گیا تھا جس کے لئے حکومتِ پنجاب کی طرف سے ضلع چکوال کو 5 گاڑیاں اور تمام ضروری ادویات فراہم کی گئی ہیں ۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر آئی آر ایم این سی ایچ اینڈ نیوٹریشن پروگرام ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کلینک آن وہیلز پروگرام پر عمل درآمد کی تفصیل بتاتے ہوئے کہی اور بتایا کہ اربن سلمز میں عوام تک طبی سہولیات تیز رفتاری سے پہنچانے کے لئے ہسپتال نما ایمبولینس ، الٹراساؤنڈ والی گاڑی اور چار ٹیمیں فیلڈ میں ہیں اور ہر ٹیم ایک ڈاکٹر ، ایک ڈسپنسر ، ایک ویکسی نیٹر ، ایک لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور ایک سکول نیوٹریشن سپروائزر پر مشتمل ہے جبکہ ان ٹیمز میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی موجود ہیں جو شہری علاقوں میں کچی آبادیوں کے گھروں میں جا کر لوگوں کو کلینک آن وہیلز پروگرام کے تحت مفت دی جانے والی صحت کی سہولیات کے بارے میں آگاہی دے رہی ہیں ۔ ڈاکٹر ابرار حسین نے مزید بتایا کہ عوامی حلقوں میں حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو قابلِ ذکر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں