ضلع میں کسی جگہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا احتمال باقی نہ رہے، قراۃ العین ملک
چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ضلع میں ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر عملدرآمد کو پوری طرح مستحکم اور مربوط رکھنے کے لئے میونسپل اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈینگی کے خلاف سرویلنس سسٹم کی کارکردگی کو حکومتِ پنجاب کے متعین کردہ ڈینگی ایس او پیز کے ہم پلہ بنایا جائے تاکہ ضلع میں کسی جگہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا احتمال باقی نہ رہے۔ انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی(ڈرک) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرمحمد شہباز نے ضلع میں ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرسمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے انسداد ڈینگی ٹیموں کو چیک کیا جائے اور تمام سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل سطح کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کے وزٹس باقاعدگی سے جاری رکھتے ہوئے سو فیصد ہاٹ سپاٹس کوریج کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کہیں بھی پیدا نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس سسٹم کی عمدہ کارکردگی یقینی بنانے کے لئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیمیں کامل پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری دفاتر میں مؤثر ہاؤس کیپنگ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان پر حسبِ منشاء عملدرآمد میں سول سوسائٹی کے تمام شعبوں کی بھر پور شرکت یقینی بنانے کے لئے عوامی آگاہی بھی عام کی جائے۔
کوئی تبصرے نہیں