ضلع چکوال میں یوم آزادی شایانِ شان انداز میں منایا گیا








 چکوال (نامہ نگار ) ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی وطن عزیز کا 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبہ کے ساتھ شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ جشنِ یوم آزادی کی عظیم الشان مرکزی تقریب ڈی سی آفس کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس میں مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نےڈی پی او کیپٹن (ر) واحد محمود کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا- پرچم کشائی ، قومی ترانہ اور گارڈ آف آنر کے بعد سکولوں کے بچوں نے حسن قرآت و نعت اورملی نغمے پیش کیا ۔ تقریب سے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے اسلاف نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ان تھک محنت اور لازوال قربانیوں سے وطن عزیز پاکستان حاصل کیا جس کے استحکام و سالمیت کی حفاظت کے لئے ہم سب کو من حیث القوم تحریک پاکستان جیسے جذبہ سے کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کو خوشحال اور مستحکم پاکستان دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن یوم آزادی مناتے ہوئے ہم سب اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کے استحکام و خوشحالی کے لئے شبانہ روز محنت سے کام کریں گے اور اس کی بقاء و سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ - تقریب میں اے ڈی سی آر خاور بشیر ، اے چکوال ثمینہ بشیر، اے سی ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر ارسلان سکندر و دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ،تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ ، طلباء اور سول سوسائٹی کے مختلف شعبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی - تقریب کے آخر میں مہمانان خصوصی نے ڈی سی آفس کے لان میں پودے بھی لگائے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.