جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس
چکوال (نامہ نگار ) جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں علمائے کرام و اکابرین، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے دیگر افسران سمیت کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت شایان شان انداز میں منایا جائے گا اور اس عظیم المرتبت دن کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے شاندار انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس متبرک موقع پر جلوسوں کے روٹس پر بہترین صفائی اور سٹریٹ لائٹس،سبیل و سویٹس سٹالز سمیت دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کے سلسلہ میں میونسپل اداروں کی انتظامیہ کو تفصیلی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور عملدرآمد کی مانیٹرنگ کے لئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم الشان اور مبارک موقع پر منعقد ہونے والے جلوسوں اور متبرک محافل کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی تفصیل واضح کی۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کو سراہتے ہوئے عملدرآمد کے لئے تجاویز دیں جن کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہا کہ یہ تجاویز انتظامات کی احسن تکمیل کے لئے معاون ثابت ہوں گی بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے انتظامات کے حوالے سے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ تحصیلوں میں تمام تر انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع چکوال و تلہ گنگ میں جشنِ عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے پر مسرت اور متبرک موقع پر سرکاری اور نجی عمارتوں پر انتہائی خوبصورت چراغاں اور بہترین سجاوٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں