ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمودکا چکوال شہر کا دورہ ، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ

 


چکوال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود کے ہمراہ چکوال شہر کا دورہ کر کے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر چکوال ثمینہ بشیر نے تلہ گنگ اور راولپنڈی روڈ پر تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے تجاوزات کے خلاف سخت اور بلا امتیاز آپریشن یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ تجاوز کے خاتمہ تک آپریشن جاری رکھا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تجاوزات کے خاتمہ کے بعد شہر میں کسی بھی جگہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین نے انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ویکسی نیشن کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے والے بچوں کے فنگر مارکنگ کو بھی چیک کیا ۔ انہوں نے ویکسی نیشن سٹاف کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اس امر کی خصوصی طور پر تاکید کی کہ بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن کا عمل روزانہ کے مقررہ اہداف کے مطابق کامل توجہ کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پانچ سال تک عمر کے تمام بچوں کی پولیو کے خلاف حفاظتی ویکسی نیشن اہم ترین قومی فریضہ ہے اور اس ضمن میں ہیلتھ سٹاف کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے اچانک انسپکشن کا سلسلہ رواں مہم کی تکمیل تک برقرار رکھا جائے گا۔




..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.