ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے 12ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ جاری

 




چکوال:ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے 12ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، کلرکہار میں اس سلسلہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع چکوال نے کیا۔ ضلع چکوال ،تحصیل چکوال ،تحصیل چوآسیدن شاہ اور تحصیل کلرکہار سے تعلق رکھنے والے ممبران نے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے 12ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا، تقریب میں سابق صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی اور ڈائریکٹر ہیلتھ ریٹائرڈ ڈاکٹر اکرام الحق اعوان نے شرکت کی اور ریجنل یونین آف جرنلسٹس کی علاقائی صحافیوں کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو سراہا۔ یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل یونین آف جرنلسٹس شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور منہاس نے کہا کہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان ملک بھر کے پسے ہوئے علاقائی صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہے اور بارہ سال سے علاقائی صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صحافی بے پناہ مسائل کا شکار ہےں اور صحافت سے وابستہ افراد کی مشکلات میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔صحافیوں کے مسائل حل ہونے اور کم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔علاقائی صحافی معاشرے میں پھیلی ناانصافیوں اور کرپشن کے خلاف قلم کے ذریعے جب آواز بلند کرتا ہے تو اسے مختلف منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔عبدالغفور منہاس نے کہا کہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس علاقائی صحافیوںکی نمائندہ تنظیم اور ایسی تحریک ہے جو صحافیوں کے حقوق کی آواز کو بلند کر کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔علاقائی صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے عملی جدوجہد اور ان کے وجود کو تسلیم کروانا اولین فرائض میں شامل ہے۔عبدالغفور منہاس نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے جاری کردہ چارٹرآف ڈیمانڈ کے مطابق مسائل حل کیے جائیں۔ یوم تاسیس کی تقریب سے صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس تحصیل چوآسیدن شاہ نے کہا کہ آر یو جے علاقائی صحافیوں کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے اور اس کی علاقائی صحافیوں کے لیے بہت بڑی خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور جابر حکمران جو معاشرے کاناسور ہیں قلم کے ذریعے ان کے خلاف جہاد جاری رکھیں گے۔جو قوتیں صحافیوں کو دبانے کے لیے مذموم مقاصد رکھتی ہیں ریجنل یونین آف جرنلسٹس ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔یوم تاسیس کی تقریب سے ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع چکوال کے صدر ڈاکٹر اعجاز محمود ،جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار، سینئر نائب صدر اعجاز خالد، صدر تحصیل کلرکہار ایم رحمان، جنرل سیکرٹری تحصیل چوآسیدن شاہ جاوید ڈنڈوت اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری ماریہ ملک نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں جن عہدےداران و ممبران نے شرکت کی ان میں ضلعی صدر ڈاکٹر اعجاز محمود، جنرل سیکرٹری راجہ ذوالفقار ڈھکو، صدر تحصیل چکوال ثقلین یٰسین، جنرل سیکرٹری فیصل انور، صدر تحصیل چوآسیدن شاہ سید طلحہ فاروق، جنرل سیکرٹری جاوید ڈنڈوت، جنرل سیکرٹری تحصیل کلرکہار ایم رحمان اور ایگزیکٹو باڈی ممبران ملک نذر حسین عاصم، مجتبیٰ اشرف، راجہ محمد صفدرنمبردار، راشد القمر بٹ اور فنانس سیکرٹری تحصیل کلرکہار قمر شامل ہیں۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.