تمام ترقیاتی سکیمز مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں، ملک تنویر اسلم اعوان
چکوال (نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست قیادت میں حکومت پنجاب ہر سطح پر وسیع البنیاد ترقیاتی عمل کی تکمیل کے لئے وسائل صرف کر رہی ہے جن کے حسب منشا ثمرات عوام تک پہنچانا تمام سرکاری محکموں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کا مکمل ادراک کرتے ہوئے ضلع میں موجود سرکاری محکمے ڈویلپمنٹ سکیمز کی کم از کم وقت میں معیاری تکمیل یقینی بنائیں۔ یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی و چیرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی ملک تنویر اسلم اعوان نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے اجلاس میں ضلع کے کثیر الجہتی ترقیاتی عمل میں محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سردار غلام عباس، ممبرز صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حیدر سلطان ، ملک شہریار اعوان ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک،ڈی پی او لیفٹیننٹ(ر)احمد محی الدین، اے ڈی سی جی اور سرکاری محکموں کے سربراہان موجود تھے-
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فضل شیر نے ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سےاجلاس کو آگاہ کیا ۔ اجلاس میں لا اینڈ آرڈر وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز اور ایگریکلچر ٹرانسفارمیش پلان ،کسان کارڈ ، اپنی چھت اپنا گھر، گرین ٹریکٹر سکیم ہمت کارڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی-
چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کے انیشیٹوز کو شفاف طریقے سے چلایا جائے تاکہ عوام کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف مل سکے- انھوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیمز مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور ممبران کی جانب سے دی گئی سفارشات کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کوئی تبصرے نہیں