امیر پور منگن میں کنڈی لگا کر بجلی چوری پکڑنے پر پانچ افراد کا واپڈا ٹیم پر تشدد
ڈھڈیال (نامہ نگارخصوصی ) امیر پور منگن میں کنڈی لگا کر بجلی چوری پکڑنے پر پانچ افراد کا واپڈا ٹیم پر تشدد، یرغمال بنانے کے بعد موبائل فون توڑ دئیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق واپڈا ٹاسک فورس کے دو اہلکاروں افضال احمد اور محمد عاطف نے امیر پور منگن میں ایک ڈیرے پر چھاپہ مار کر کنڈی لگا کر بجلی چوری پکڑ لی اور اس کی ویڈیو بھی بنالی۔ اسی دوران پانچ افراد موقع پر پہنچ گئے اور ان دونوں اہلکاروں کو پکڑ کر انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تقریباً دو گھنٹے تک یرغمال رکھا ان سے موبائل فون بھی چھین کر توڑ دیئے۔واپڈا ذرائع کے مطابق واصف شاہ،شیراز شاہ، مبشر شاہ اور دیگر دو نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ڈی ایس پی صدر سرکل چکوال ندیم ملک بھی تھانہ ڈھڈیال پہنچ گئے جہاں انہوں نے بڑی تعداد میں موجود واپڈا اہلکاروں کو یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں