چکوال: سینئر صحافی مرتضی انجم ملک کی بے بنیاد مقدمہ میں گرفتاری پر صحافی برادری کا ہنگامی اجلاس، شدید الفاظ میں مذمت

 


چکوال ( نامہ نگار ) چکوال میں صحافی برادری کا ایک ہنگامی اجلاس سینئر صحافی ارشد محمود عباسی کی قیادت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معروف صحافی مرتضیٰ انجم ملک پر جھوٹا مقدمہ درج کیے جانے اور سٹی پولیس کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ انداز میں ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے اس عمل کو آزادی صحافت پر قدغن قرار دیتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں محمد ریاض انجم، توقیر انور، محمد علی اعوان، ساجد بلوچ، راجہ ثاقب عباس، قاضی وسیم جہانگیر، مرزا ساجد اقبال، اور سمندر خان نے شرکت کی۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ صحافی برادری مرتضیٰ انجم ملک کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی اور پولیس کے اقدام کے خلاف قانونی دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کیا جائے گا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ سٹی پولیس نے دو دن قبل جمع کروائی گئی مرتضیٰ انجم ملک کی درخواست پر کارروائی کرنے کے بجائے، ملزم فریق کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کر کے انہیں مذاکرات کے بہانے تھانے بلا کر گرفتار کر لیا۔ اجلاس میں شرکاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیفٹیننٹ ریٹائرڈ احمد محی الدین سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے کہا کہ مرتضیٰ انجم ملک کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آر کو منسوخ کیا جائے اور ان کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آخر میں مرتضیٰ انجم ملک نے تمام صحافی دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.