ڈھاب کلاں میں ملازم کے ہاتھوں زمیندار کے قتل کیس کا ڈراپ سین۔۔۔۔!
ملزم نے شادی کے اخراجات کیلئے اپنے محسن کو قتل کردیا
چکوال (سمندر خان) تھانہ صدر پولیس نے ڈھاب کلاں قتل کیس میں مطلوب ملزم غلام مصطفی بھٹی سکنہ تھنیل فتوحی کو گرفتار کرلیا۔ مقتول کے گھر سے لے جانے والا ٹریکٹر بھی جہلم روڈ پر ستوال کے قریب سے برآمد کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزم نے پولیس تفتیش کے دوران ہوشربا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے اپنی شادی کے اخراجات کیلئے پیسے درکار تھے جس کیلئے اسے یہ سنگین قدم اٹھانا پڑا۔ ملزم تھنیل فتوحی کا رہائشی ہے جو بچپن سے قریبا 8 سال کی عمر میں ہی ڈھاب کلاں کے اس زمیندار گھرانے میں ملازمت کرتا رہا اور اس زمیندار گھرانے نے اپنے اس ملازم گھر کے ایک فرد کی طرح پالا۔ ملزم غلام مصطفٰی نے کچھ عرصہ قبل اپنے گاؤں تھنیل فتوحی میں اپنی برادری کی ایک لڑکی سے منگنی کر رکھی تھی اور اب وہ اس سے شادی کرنے کا خواہشمند تھا اور شادی کے اخراجات کیلئے اسے پیسے درکار تھے۔ اس نے مالکوں سے شادی کیلئے یکمشت پیسوں کی فرمائش کی، مالکوں نے تھوڑا انتظار کرنے کا کہا کہ کچھ وقت بعد لے لینا۔ مگر ملازم غلام مصطفٰی کے سر پر شادی کا بھوت سوار تھا۔ اس نے منصوبہ بنایا کہ مالک کو قتل کرکے اس کے گھر میں کھڑا ٹریکٹر بیج کر شادی کیلئے پیسے بن سکتے ہیں اور پھر چند روز قبل اس نے اپنے ہی سوچے ہوئے منصوبے پر عمل کر دکھایا اور ایک قیمتی انسان کی جان لے لی۔ سچ کہتے ہیں کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بھی بچو۔
کوئی تبصرے نہیں