عالمی معیار کے مطابق اپنے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی بحالی پر کام کر رہے ہیں، ڈاکٹر عبدالخالق غوری
چکوال میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی تمام سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن چکوال
چکوال ( ) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کے تحت منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام (سی ڈبلیو ڈی پی) نے معذور افراد کے عالمی دن کی شاندار تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر اسپانسر شدہ خصوصی بچوں نے رنگا رنگ پرفارمنسز پیش کیں، جن میں ملی نغمے، ڈرامے، اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں، جبکہ ایک خصوصی میجک شو بھی منعقد کیا گیا جس سے بچے اور ان کے والدین بے حد محظوظ ہوئے۔ اس کے علاوہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے انڈور گیمز کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خصوصی بچوں کے ساتھ دیگر بچوں نے بھی شرکت کی، تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام کے پروجیکٹ آفیسر چکوال سید عیاض الرحمٰن شاہ نے تقریب میں شرکت پر معزز مہمانوں اور حاضرین کو خوش آمدید کہا اور عالمی دن برائے معذور افراد کی اہمیت پر گفتگو کی۔ تقریب کے مہمانوں میں گلوبل ڈائریکٹر ایچ ایچ آر ڈی یو ایس اے ڈاکٹر عبد الخالق غوری، پروگرام منیجر سی ڈبلیو ڈی پی پاکستان طاہر افضل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد صفدر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وسیم خان، سینئر صحافی ذوالفقار میر، اور معروف سماجی کارکن غفران کہوٹ شامل تھے۔ مہمانوں نے پروگرام کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور خصوصی بچوں سے ملاقات کرکے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ اپنی گفتگو میں ڈاکٹر عبدالخالق غوری صاحب کا کہنا تھا کہ سی ڈبلیو ڈی پی، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کا ایک اہم پروگرام ہے جو چکوال میں خصوصی بچوں کی بحالی اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ پروگرام معذور بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے اسپیشل ایجوکیشن، فزیو تھراپی، اسپیچ تھراپی، اور دیگر سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، والدین کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکیں۔ سی ڈبلیو ڈی پی خصوصی بچوں کو معاشرے کا اہم اور کارآمد حصہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالخالق غوری صاحب کا مزید کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا میں 90 سے زیادہ ممالک میں کام کر رہے ہیں اور پاکستان میں 2005 سے ہم اپنے لوگوں کی خدمت میں مگن ہیں اور 84 سے زیادہ اضلاع میں ہم پاکستان میں موجود ہیں، ہم عالمی معیار کے مطابق اپنے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی بحالی پر کام کر رہے ہیں اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام سے جڑے بہت سے بچے اس قابل ہو گئے ہیں کہ اب وہ معاشرے میں عام بچوں کی طرح اپنی تمام سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ ڈاکٹر عبدالخالق غوری صاحب نے عالمی وہیل چیئر فراہمی کے ایک نئے پروگرام کا بھی افتتاح کیا اور اسکے تحت ڈاکٹر عبدالخالق غوری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد صفدر نے مختلف افراد میں مفت وہیل چیئرز بھی تقسیم کیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد صفدر نے ہیلپنگ ہینڈ چکوال کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیلپنگ ہینڈ چکوال دکھی اور بے سہارا لوگوں کے لیے ایک بہت بڑی نعمت ہے، چکوال میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی تمام سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس اپنے ان منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی تربیت میں جو کردار ادا کر سکا وہ ضرور ادا کرے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وسیم خان نے اپنی گفتگو میں معذور افراد کے عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور حاضرین کو حکومت وقت کی جانب سے منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے دی جانے والی سہولیات پر معلوماتی گفتگو کی جسے والدین نے خوب سراہا۔
پروگرام کے دوران منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں نے اپنی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دیکھانے پر سینئر صحافی ذوالفقار میر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وسیم خان سے تحائف بھی وصول کیے۔
کوئی تبصرے نہیں