چکوال: چیئرمین فرینڈز آف چکوال برمنگھم چوہدری اظہر محمود چکرال نے مٹی کا حق ادا کر دیا
چکوال: چیئرمین فرینڈز آف چکوال برمنگھم چوہدری اظہر محمود چکرال نے مٹی کا حق ادا کر دیا، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں تیرہ لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب، فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چکوال قراة العین ملک، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر ،ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر شیخ رفتار احمد کے علاوہ دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ چوہدری اظہر محمود چکرال نے فیتہ کاٹ کر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔مذکورہ فلٹریشن پلانٹ کا کام گزشتہ کئی دنوں سے جاری تھا۔ لاہور سے آئی ہوئی ٹیم نے فلٹریشن پلانٹ نصب کیا۔چوہدری اظہر محمود چکرال نے گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا دورہ کیا تھا جہاں پر انہوں نے ہسپتال کے مسائل کا جائزہ لیا۔ پینے کے پانی کی عدم دستیابی ہسپتال کا دیرینہ مسئلہ تھا، مریضوں، ان کے لواحقین کے علاوہ ہسپتال کے سٹاف نے بھی چوہدری اظہر محمود چکرال سے پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی تھی جس پر چوہدری اظہر محمود چکرال نے عوام کادیرینہ مسئلہ حل کروا دیا ۔جس کا افتتاح بھی اپنے دست مبارک سے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراة العین ملک نے کہا کہ انسانی خدمت کا فریضہ سرانجام دینے کا جذبہ رکھنے والے افراد معاشرے کے لیے گراں قدر سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں اور دوسرے لوگوں کے لیے بھی ترغیب دلانے کا باعث بنتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر چوہدری اظہر محمود چکرال کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے ہسپتال میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب مثانی جذبہ انسانی خدمت کی عکاسی کرتا ہے اور ضلعی انتظامیہ چوہدری اظہر محمود چکرال کے قابل تحسین جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں