پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار قومی اتحاد اور ملکی یکجہتی کے حصول میں پنہاں ہے،جنرل(ر) عبدالقیوم

 


مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کیلئے عالمی سطح پر مضبوط اور موثر آواز بن سکتا ہے

 ملک میں ایسے نظام عدل کی ضرورت ہے جو غریب اور امیر کی تفریق سے بالا تر ہو کر فیصلے کرے،سیاسی مقدمات سے اجتناب ضروری ہے، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں خطاب 


فیصل آباد(آئی این پی )سابق سینیٹر لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے ،اس کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار قومی اتحاد اور ملکی یکجہتی کے حصول میں پنہاں ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں طلبا اور اساتذہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے یونیورسٹی کے تعاون سے کیا تھا ۔اس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سرور خان نے کی جبکہ سابقہ سینیٹر لیفٹینیٹ جنرل عبدالقیوم ہلال امتیاز ملٹری چیف پیٹرن پاکستان یوتھ پارلیمینٹ اور صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی مہمان خصوصی تھے ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل بات چیت اور امن سے ممکن ہے ۔ وطن عزیز کی خوشحالی کا دارومدار ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر قومی اتحاد اور ملکی یکجہتی کے حصول میں مضمر ہے ۔ اس کیلئے ملک میں ایک ایسے نظام عدل کی ضرورت ہے جو غریب اور امیر کی تفریق سے بالا تر ہو کر فیصلے کرے ،بے گناہوں کو تضحیک اور سزائوں سے بچائے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے ۔ لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم کا کہناتھا کہ اس سلسلے میں سیاسی مقدمات سے اجتناب بہت ضروری ہے چونکہ اس کی پکڑ اللہ تعالی کی بارگاہ میں بھی سخت ترین ہو گی ۔داخلی طور پر ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کیلئے بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط اور موثر آواز بن سکتا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر کی جانب سے لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم کو یونیورسٹی کی شیلڈ بھی پیش کی گئی ۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.