ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک کا رورل ہیلتھ سینٹر منڈے اور بنیادی مرکز صحت مینگن میں جاری ری ویمپنگ ورک کا معائنہ
چکوال (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے رورل ہیلتھ سینٹر ( آر ایچ سی) منڈے اور بنیادی مرکز صحت ( بی ایچ یو) مینگن میں جاری ری ویمپنگ ورک کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ری ویمپنگ کے تمام تر عمل کی کڑی نگرانی کر کے تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل کرایا جائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکڑ سعید اختر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فضل شیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے سنٹرز کے وارڈز کا معائنہ کر کے ہیلتھ کیئر سسٹم کے بارے میں بریفنگ لی اور مریضوں سے بھی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کے معیاری علاج معالجہ، ادویات کی دستیابی، صفائی کے عمدہ انتظامات، ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی حاضری اور دیگر امور کی انجام دہی حکومت پنجاب کی ہیلتھ کیئر مینجمنٹ پالیسی کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اسسٹنٹ کمشنر چکوال کو ہدایت کی کہ دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اور مراکز صحت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی کارکردگی اور انتظامی معاملات پر کڑی نظر رکھی جائے۔
کوئی تبصرے نہیں