بن قطب فاؤنڈیشن پاکستان نے بھبھڑ ضلع چکوال میں اپنے آئندہ کے منصوبوں کا اعلان کردیا
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی ) بن قطب فاؤنڈیشن پاکستان نے بھبھڑ ضلع چکوال میں اپنے آئندہ کے منصوبوں کا اعلان کردیا۔ جس کے مطابق جلد ہی بن قطب فاؤنڈیشن ایجوکیشن کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس سے ضلع چکوال میں تعلیم اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بن قطب فاؤنڈیشن ذرائع کے مطابق مذکورہ منصوبے کا تخمینہ 95 کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور یہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ بن قطب فاؤنڈیشن کے منصوبوں میں تعاون کرنے والے کارپوریٹ ڈونرز نے اس منصوبے کےلیے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ذرائع نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نجی یونیورسٹی کھولنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے جس میں میڈیکل کالج، سوشل سائنسز اور انجینئرنگ کالج جیسے ادارے شامل ہوں گے۔ ایم ٹیک کالج آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا آغاز کیا جائے گا جس میں ہائی ٹیک ڈگری پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔اس پروگرام سے جہلم، گوجر خان اور چکوال کے 500 سے زائد دیہات کے طلباء وطالبات مستفید ہوں گے۔ بن قطب فاؤنڈیشن جو ضلع چکوال کے دیہی علاقوں میں صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئےہے اس سے قصبہ بھبھڑ میں بیگم نور میموریل ہسپتال تعمیر کرچکی ہے جہاں 2016 سے تین شفٹوں میں 24 گھنٹے علاج معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ مذکورہ ہسپتال میں طبی تعلیم کے لیے بن قطب کالج آف ہیلتھ سائنسز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں دوسالہ پیرا میڈیکل ڈگری پروگرام جاری ہے اور اس سال کے آخر تک چار سالہ ڈگری پروگرام بھی شروع کردیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں