غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم اور مستحق طلباءکی تعلیمی کفالت کے لیے سالانہ فنڈ ریزنگ پروگرام /فیملی ڈنر کا اہتمام کیاگیا
چکوال(نامہ نگار)غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام یتیم اور مستحق طلباءکی تعلیمی کفالت کے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام کا انعقاد کیاگیا، مقامی میرج ہال میں منعقدہ تقریب میں معروف سماجی ،کاروباری اور مخیر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ملک کے معروف سٹیج اداکار افتخار ٹھاکر تھے جبکہ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ایڈوائزر وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر خالد،امیر جماعت اسلامی عرفان یونس ایڈووکیٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں مخیر شخصیات نے یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت اپنے ذمہ لیتے ہوئے لاکھوں روپے کے فنڈز عطیہ کیے۔ غزالی سکولز کے طلباءو طالبات نے پروگرام میں ٹیبلو پیش کیے جنہیں حاضرین نے سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی افتخار ٹھاکر نے کہا کہ پاکستان انتھک محنت اور قربانیوں کے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا اور اس کی بنیادوں میں ضلع چکوال کے شہداءکا خون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال میرا دوسرا گھر ہے ،افتخار ٹھاکر کا کہناتھا کہ یتیم اور مستحق بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور ان کا مستقبل روشن بنانا ہمارا بنیادی فرض ہے اور غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن یہ فرض احسن انداز میں نبھا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب اورسندھ کے اندر جن سکولوں میں وڈیروں کے جانور بندھے ہوئے تھے وہ غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن نے حاصل کر کے وہاں پر بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی جینے کا سلیقہ سکھاتی ہے اس لیے ہماری پہلی ترجیحات تعلیم ہونی چاہئے۔ ایڈوائزر ٹو وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اڑھائی کروڑ سے تین کروڑ جبکہ پنجاب میں چودہ سے پندرہ کروڑ میں سے ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جنہیں سکولوں کے اندر لانا ہماری ذمہ داری اور فرائض میں شامل ہے اور غزالی ایجوکیشن ایسے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ سابق امیر جماعت اسلامی محمد اشرف آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع چکوال شہیدوں ، کسانوں اور اہل علم کی زمین ہے اور خواندگی کے لحاظ سے یہ ضلع ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔علم انسانی شخصیت کے لیے ضروری ہے ،انہوںنے بتایا کہ علم صرف ترقی کا زینہ یا اچھی شخصیت کا نام نہیں بلکہ زندگی اور موت کا سوال ہے ۔غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن وہ عظیم ادارہ ہے جو لاکھوں یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غزالی ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے سینئر ڈسٹرکٹ منیجر صداقت حسین گوندل نے کہا کہ چکوال ریجن میں غزالی ایجوکیشن کے نیٹ ورک میں 12سکول شامل ہیں جن میں1608طلباءزیر تعلیم ہیں ان میں یتیم اور مستحق سپانسرڈ بچوں کی تعداد90ہے جبکہ78سپیشل طلباءاور 1168بچے سکالر شپ کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ہمارا سال2025کا ہدف دیہاتوں کے 3000طلباءتک معیاری اور سستی تعلیم مہیا کرنا ہے۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ صدر غزالی فورم عثمان جاوید نے پیش کیا اور مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی جبکہ پروگرام آفیسر محمد اشرف جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع چکوال کے صدر نعمان ظفر ،جنرل سیکرٹری محمد علی مختار اعوان ،انچارج آرفن کیئر پروگرام تسکین سید اورسینئر صحافی مہران ظفر ملک کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
کوئی تبصرے نہیں