چکوال : نمبردار اپنے موضع کی پہچان ہوتی ہے، چوہدری شمشیر
نمبرداری عہدہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے، مسعودکہوٹ
نمبردار ایسوسی ایشن ضلع چکوال کا ایک اجلاس ثقافت ریسٹورنٹ پر منعقد ہوا جس میں نئے مقررہ نمبردار صاحبان مسعودکہوٹ نمبردار چکوڑہ اوڈھروال محمد حنیف امیر پور منگن گلاب روز ڈھلیانہ کی حلف برداری ہوئی جنہیں ضلع چکوال نمبردار ایسوسی ایشن میں شامل کیا گیا۔
حلف کے بعد ضلعی باڈی میں شامل ہونے والے نمبردار مسعودکہوٹ کو ضلعی سیکریٹری انفارمیشن و سپوک پرسن نمبردار ایسوسی ایشن ضلع چکوال محمد حنیف کو نائب صدر اور گلاب روز کو جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے کے قلم دان سونپے گئے جن کے تقرر کا باضابطہ اعلان ضلعی صدر چوہدری شمشیر علی اکبر نمبردار ایسوسی ایشن ضلع چکوال نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری شمشیر علی اکبر نے کہا نمبردار کا کردار لوگوں کو اپنے قریب بھی کر سکتا ہے اور دور بھی۔نمبردار برادری ہر طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے اس وجہ سے بحیثیت نمبردار اس پر بہت ذمہ داریاں ہیں نمبردار کو چاہیے کہ وہ معاشرے کے ہر طبقے کا خیال رکھتے ہوتے اپنی فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دے تاکہ سماج کے ہر آدمی کو اس کا جائز حق مل سکے اور کسی کی دل آزاری بھی نہ ہو خصوصاً معاشرے کا پست طبقہ احساس محرومی کا شکار نہ ہو اللہ رب العزت نے ہمیں نمبردار مقرر کرکے ہمیں ذمہ داریاں بھی سونپی ہیں جن کی کل ہم سے پوچھ بھی ہو گی۔
بعد ازاں نو منتخب سیکریٹری انفارمیشن و سپوک پرسن نمبردار ایسوسی ایشن ضلع چکوال نمبردار مسعودکہوٹ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ نمبرداری صرف عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داری کا دوسرا نام نمبرداری ہے ہمیں اپنے اپنے موضعات میں ازخود لوگوں کے مسائل کا دھیان رکھتے ہوئے ان کے گھر کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل کا حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اجلاس میں دیگر مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نو منتخب عہدہ داران مسعودکہوٹ محمد حنیف گلاب روز کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کی دعا کی اجلاس کے اختتام پر صدر نمبردار ایسوسی ایشن ضلع چکوال چوہدری شمشیر علی اکبر نے بتایا کہ بہت جلد ہم پورے پنجاب کی نمبردار ایسوسی ایشنوں کو چکوال کی دھرتی پر اکٹھا کر رہے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں