مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ڈاکٹر قیصر مجید ملک

 



ڈھڈیال (نامہ نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) ضلع چکوال کے سرکردہ رہنما اور سابق وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے کہا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ وہ ہرڑ چوک میں " چیئرمین ٹریڈرز " کے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ڈی ایم نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ملک تباہی کے دہانے پر تھا۔ ڈیفالٹ ہونے کے خطرات منڈلا رہے تھے لیکن مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں نے اس ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے دن رات ایک کر دیا۔ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے کہا اب پاکستان میں انویسٹمنٹ آنی شروع ہو گئی ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے معاشی اشاریوں کو بہتر اور دیگر اصلاحات کو سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں محترمہ مریم نواز شریف نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ایک درجن سے زائد سکیمیں متعارف کرائیں ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے کہا کہ میرے والد جنرل عبدالمجید ملک نے چکوال کو ضلع بنوانے اور اس کی تعمیر وترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کیا اور ہم بھی ان کی نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ایم پی اے سکٹریریٹ بھون چوک کے انچارج چوہدری شہر یار سلطان نے کہا کہ ضلع چکوال میں صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ترقیاتی کام ہوئے ۔ پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سلطان حیدر علی خان حلقہ کے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور کوشش کررہے ہیں ۔چکوال میں جلد مزید سڑکوں کی تعمیر پر کام شروع ہو جائے گا۔چیئرمین ٹریڈرز کے چیف ایگزیکٹو راجہ ادریس جنجوعہ نے مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر قیصر مجید ملک ،جن چوہدری شہریار سلطان ، سرکردہ پارٹی شخصیات اور معززین علاقہ کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل تقریب میں پہنچنے پر ڈاکٹر قیصر مجید ملک اور چوہدری شہریار سلطان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔بعدازاں انہوں نے افتتاحی فیتہ کاٹا۔ تقریب کی کمپئرنگ کے فرائض مسلم لیگ (ن) یونین کونسل پادشاہان کے جنرل سیکرٹری مرزا صفدر چوہان نے انجام دئیے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.