سابق رکن ڈنمارک پارلیمنٹ اور کوپن ہیگن کے امیدوار برائے میئر ملک سکندر صدیق کا دورہ چکوال

 


چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) سابق رکن ڈنمارک پارلیمنٹ اور کوپن ہیگن کے امیدوار برائے میئر ملک سکندر صدیق نے چکوال کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر چکوال قراة العین ملک سے ملاقات کی،ملک سکندر صدیق اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل خصوصاًلینڈ مافیاجیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، ملک سکندر صدیق نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے رشتہ دار ان کی پراپرٹی اور دیگر وسائل پر قبضہ کر لیتے ہیں،انہوں نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی پراپرٹی اور جان ومال کو محفوظ بنانے سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرنے یقین دہانی کرائی کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل خصوصاً لینڈ مافیا کےخلاف کاروائی ہماری ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ بیرون ممالک میں بسنے والے پاکستانی وہاں پر زرمبادلہ اکٹھا کر کے پاکستان بھیجتے ہیں۔ملک سکندر صدیق نے چکوال اور تلہ گنگ کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کامطالبہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور ملک سکندر صدیق کو خوش آمدید کہا۔واضح رہے کہ ملک سکندر صدیق گزشتہ چند روز سے پاکستان کے نجی دورے پر ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکومتی عہدےداران سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔


..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.