ہماری کوشش ہے کہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو اس قابل کیا جائے کہ یہ باوقار اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔ ڈاکٹر امداد اللہ
چکوال (نامہ نگار) ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے پروگرام مینیجر چلڈرن وِد ڈِس ایبیلٹیز پروگرام (CWDP) پاکستان،ڈاکٹر امداد اللہ نے ہیلپنگ ہینڈ چکوال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چکوال کے منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پروگرام کی ٹیم سے ملاقات کی اور پروجیکٹ آفیسر سید عیاض الرحمٰن شاہ سے جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ایریا مینیجر ہیلپنگ ہینڈ نارتھ پنجاب محمد ندیم سے بھی خصوصی ملاقات بھی کی، جس میں چکوال میں معذور بچوں کی بحالی اور معاونت کے مزید مؤثر طریقوں پر گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر امداد اللہ نے ہیلپنگ ہینڈ چکوال کے جامع جسمانی بحالی مرکز (Comprehensive Physical Rehabilitation Centre) چکوال کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے معالجین (Therapists) سے ملاقات کی اور بحالی کے جاری عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے معالجین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن ہی ان منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ مزید برآں، انہوں نے والدین سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے انہیں ارلی چائلڈ ڈیولپمنٹ ٹول (ECD Tool) پر ایک تفصیلی آگاہی سیشن دیا، جس کا مقصد والدین کو ابتدائی بچپن میں بچوں کی نشوونما اور ترقی کے حوالے سے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تربیت دینا تھا۔ اس سیشن میں والدین کو بتایا گیا کہ وہ گھریلو ماحول میں ہی بچوں کی جسمانی، ذہنی اور تعلیمی ترقی کو کس طرح مؤثر بنا سکتے ہیں۔ پروگرام مینیجر نے دورے کے دوران سپانسرڈ خصوصی بچوں (CWDs) کے گھروں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں اور ان کے والدین سے براہ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کی ضروریات کے مطابق مزید معاونت فراہم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے والدین کو یقین دلایا کہ CWDP پاکستان منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا تاکہ یہ بچے بھی ایک باوقار اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔ ڈاکٹر امداد اللہ نے CWDP چکوال کی ٹیم کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے خصوصی بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ CWDP پاکستان خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے قومی سطح پر مزید اقدامات کرے گا اور مقامی سطح پر بھی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ دورہ CWDP چکوال کی ٹیم، والدین اور بچوں کے لیے نہایت حوصلہ افزا ثابت ہوا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس سے نہ صرف بحالی کے عمل میں مزید بہتری آئے گی بلکہ والدین اور معالجین کے درمیان مزید ہم آہنگی بھی پیدا ہوگی، جو بچوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
کوئی تبصرے نہیں