پاکستان ایک خودمختار اور ایٹمی قوت ہے، جس کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہیں، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت، ملکی ایٹمی اثاثوں کی حفاظت، سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر یکجا ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ وہ پی ڈبلیو ڈی کالونی اور میڈیا ٹاؤن اسلام آباد میں ملک امجد اعوان کے افطار ڈنر اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور دانشوروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور ایٹمی قوت ہے، جس کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن عناصر کی جانب سے ملکی ایٹمی اثاثوں کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ان کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مظالم اور غیر قانونی اقدامات کے باوجود پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور اس کے تمام منصوبوں کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب یہ لعنت جڑ سے اکھاڑ پھینکی جائے گی۔ قوم اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف یکجا ہیں اور اس ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سینیٹر عبدالقیوم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام محب وطن قوتوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملک کے اجتماعی مفادات کے لیے متحد ہو جائیں۔ افطار ڈنر میں شریک صحافیوں اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی ملکی حالات اور قومی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.