غزوہ بدر حق اور باطل کے درمیان جنگ تھی،محمد اشرف آصف

 


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ضلع چکوال اور معروف مذہبی سکالر محمد اشرف آصف نے کہا ہے کہ غزوہ بدر حق اور باطل کے درمیان جنگ تھی ،اللہ کے راستے میں نکلنے والے 313مسلمانوں نے 1000کے قریب کافروں کو شکست دی ،ایمان کی حرارت والوں کے پاس صرف دو گھوڑے اور چند تلواریں تھیں۔ مگر کافروں کا ایسا حشر کیا کہ ان کے ہر گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔ وہ یوم الفرقان افطار ڈنر کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پروگرام ڈاکٹر نواز ہال میں منعقد ہوا، محمد اشرف آصف کا غزوہ بدر کے حوالے سے خطاب میں کہنا تھا کہ اسلام امن کا دین ہے اور حضور ﷺ کی آمد سے کائنات کو امن ملا۔انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر معرکہ نے ثابت کیا کہ اسلام اور دین محمد ﷺ کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔انہوںنے کہا کہ اللہ کا منصوبہ ہمیشہ یہ رہا کہ اسلام غالب ہو اور کفر کی طاقت ٹوٹ جائے اور یہ معرکہ ہمارے لیے سبق ہے کہ زندگی اسلام میں ہے،زندگی جہاد میں ہے اور زندگی اللہ کی خاطرلڑنے میں ہے مگر افسوس آج امت نے اسلام کو چھوڑ دیا اور تقسیم در تقسیم ہو گئی۔ غزوہ بدر کا یہ پیغام ہے کہ مسلمان ایمان کی طرف آئیں اور اسلام کی طرف آئیں، زندگی کے سارے مسائل کا حل ایمان میں ہے۔ غزوہ بدر نے اسلام کو غالب کیا اور ثابت کیا کہ امت اللہ کے دین کی خاطر سب کچھ لٹا سکتی ہے۔یوم الفرقان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں جماعت اسلامی کے رہنماﺅں مولانا محمد رفیق، صداقت حسین گوندل، علی مختار اعوان، سید تسکین شاہ، نعمان ظفر، مولانا افتخار، مولانا رفیق، عثمان جاوید، حافظ آفتاب الدین، چوہدری زمرد منہاس اور دیگر نے شرکت کی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.