ضلع چکوال میں ٹرانسفارمر چوری کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا
ڈھڈیال (نامہ نگار خصوصی) ضلع چکوال میں ٹرانسفارمر چوری کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ سینکڑوں ٹرانسفارمر چوری لیکن پولیس اس منظم گروہ کا قلع و قمع کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ گزشتہ تین عشروں سے زائد عرصہ سے ضلع چکوال کی حدود میں شائد ہی کوئی گاؤں یا واٹر سپلائی سکیم ایسی ہو جہاں سے ٹرانسفارمر چوری نہیں کیے گئے ہوں اور یہ سلسلہ ابھی تک بدستور جاری ہے۔ گزشتہ شب واٹر سپلائی سکیم ڈھاب کلاں سے 25 کے وی کے ٹرانسفارمر جس کو پول کے ساتھ باقاعدہ ویلڈ کیا گیا تھا جس سے کوائلیں چوری کرلیں گئیں ۔کئی واٹر سپلائی سکیمیں ایسی بھی ہیں جہاں سے دو سے تین مرتبہ ٹرانسفارمر اور کوائلیں چوری کی گئیں۔ قصبہ ڈورے واٹر سپلائی سکیم سے بھی دو مرتبہ اور ڈورے قبرستان میں نصب ٹرانسفارمر کو دو مرتبہ چوری کر لیا گیا۔ یہی صورتحال ضلع کے دیگر دیہات ، واٹر سپلائی سکیمیوں اور آبادی سے باہر تعلیمی اداروں کی ہے جہاں سے ٹرانسفارمر اور کوائلیں چوری کرلی گئیں ۔ یاد رہے کہ ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال راجہ اشتیاق احمد کو تقریباً 20 سال قبل جھالے موڑ کے قریب اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا گیا تھا جب انہوں نے دوران گشت رات کو ایک ایمبولینس کو روکا تھا جس میں ٹرانسفارمر چوری کرنے کرنے والے اوزار اور چور گروہ سوار تھا۔ ڈی پی او چکوال اس گروہ کی سرکوبی کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام میں پائی جانے والی شدید تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔
کوئی تبصرے نہیں