کموڈور ارشد محمود خان ستارہ امتیاز ملٹری( ر) اور لیفٹیننٹ کرنل عقیل نے امیر پور منگن میں شہید سپاہی ندیم عباس کے والد نسیم عباس کو قومی پرچم، شہید کی فوجی ٹوپی اور میڈلز پیش کیے

 


ڈھڈیال (نامہ نگار خصوصی) " شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے " کموڈور ارشد محمود خان ستارہ امتیاز ملٹری( ر) اور لیفٹیننٹ کرنل عقیل نے امیر پور منگن میں شہید سپاہی ندیم عباس کے والد نسیم عباس کو قومی پرچم، شہید کی فوجی ٹوپی اور میڈلز پیش کیے۔اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ بیٹا ہمیں جان سے پیارا تھا لیکن پاک وطن ہمیں اس سے بھی زیادہ عزیز ہے،پاک وطن کی حفاظت کیلئے شہید ندیم جیسے ہزاروں، لاکھوں بیٹے قربان۔ کموڈور ارشد محمود خان سیکرٹری جنرل پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے شہید سپوت کے والد کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ندیم شہید نے اپنی شہادت سے بشمول میرے امیرپور منگن کے تمام لوگوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے جس کیلئے ہم ندیم شہید کے والدین کے انتہائی مشکور ہیں۔ کموڈور ارشد نے اہلیان امیر پور منگن کی جانب سے پاک آرمی کی قیادت بشمول آرمی چیف اور کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا ہلال امتیاز ملٹری اور کرنل عقیل کا شہید کی تدفین کیلئے کئے گئے انتظامات کیلئے شکریہ کا اظہار کیا۔ کرنل عقیل نے کہا کہ شہید کے والد کے بلند پایہ جذبے نے ہمارے حوصلے اور بڑھا دیئے ہیں، پاک افواج خارجیوں کا جلد قلع قمع کر دیں گی۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.