موہڑہ الہو کی ایک شادی شدہ خاتون کو چکوال میں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا گیا

 


ڈھڈیال (نامہ نگار خصوصی) موہڑہ الہو کی ایک شادی شدہ خاتون کو چکوال میں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا گیا۔مقتولہ کے والد لیاقت حسین موہڑہ الہو نے تھانہ سٹی چکوال میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی کی شادی 5 سال قبل شعیب امجد سکنہ تکیہ شاہ مراد سے ہوئی جو اب بسلسلہ روزگار قطر مقیم ہے۔ لیاقت حسین نے مزید بتایا کہ اس کی بیٹی گزشتہ سات ماہ سے اپنے تین سالہ بیٹے کے ہمراہ کرایہ کے مکان پر محلہ عمر آباد چکوال میں مقیم تھی ۔گزشتہ روز اس کے داماد نے فون کیا کہ اہلیہ فون نہیں اٹھا رہی چکوال جاکر اس کا حال احوال معلوم کریں جس پر میں اپنے بیٹوں کے ہمراہ چکوال اس کے گھر پہنچا تو مکان کے باہر گیٹ پر تالا لگا ہوا تھا اور اس کا نواسہ رو رہا تھا ۔ گیٹ کا تالا توڑ کر جب ہم کمرے میں گئے تو دیکھا کہ میری بیٹی کے گلے میں پھندا لگا کر اسے قتل کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرلیے گئے۔ لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا گیا جسے پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ مقتولہ کو اتوار کی شب موہڑہ الہو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا مزید تفتیش جاری ہے۔

..........................

کوئی تبصرے نہیں

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©2024 ڈھڈیال نیوز
تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.