ڈسٹرکٹ سکیورٹی چکوال پولیس کے کانسٹیبل منور حسین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے سراغ میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی
ڈھڈیال(نامہ نگار خصوصی) ڈسٹرکٹ سکیورٹی چکوال پولیس کے کانسٹیبل منور حسین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے سراغ میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق اس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد گزشتہ چند ہفتوں سے شہید منور حسین کی ریکی کررہے تھے اور واردات سے ایک ہفتہ قبل بھی وہ قصبہ کلیال میں دیکھے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ٹارگٹ کلنگ میں چار افراد ملوث ہیں جن میں سے دو مسجد ہال میں تھے جبکہ باقی دو بیک اپ کےلیے الرٹ تھے۔ نماز کی ادائیگی کے فوری بعد منور حسین پر فائز کیا گیا اور ساتھ ہی اس کے دیگر ساتھی نے اونچی آواز میں کہا کہ اس نے خود کشی کرلی ہے۔جس کے بعد وہ آرام سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور کسی نے بھی قاتلوں کو پکڑنے یا ان کا پیچھا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ قصبہ میں اس واقعہ کے بارے میں ایک پراسرار خاموشی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی پی او چکوال نے اس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کےلیے تجربہ کار پولیس افسران کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے اور مختلف تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفتیش اور معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں